دوحہ: قطر میں منعقدہ عرب اسلامی ممالک کے ہنگامی سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عرب اسلامی ممالک کے ہنگامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم نے فلسطین کے صدر محمود عباس، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، تاجکستان اور مصر کے صدور جب کہ ملائیشیا کے وزیراعظم سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
فلسطینی صدر محمود عباس وزیراعظم شہباز شریف سے پرتپاک انداز میں ملے اور دونوں رہنماؤں کے درمیان گرمجوشی سے مصافحہ ہوا۔ اس موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کو بھی دہرایا گیا۔
واضح رہے کہ یہ ہنگامی سربراہی اجلاس اسرائیل کی جانب سے قطر پر حملے کی مذمت اور اس کے خطے پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کے لیے بلایا گیا ہے۔ اجلاس میں پچاس سے زائد عرب و اسلامی ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔