وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) میں قائم ہیلتھ ایمرجنسی آپریشن سیل کا دورہ کیا، جہاں انہیں حالیہ سیلابی صورتحال اور متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی میں درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران وفاقی سیکریٹری صحت حامد یعقوب شیخ، چیف ایگزیکٹو آفیسر NIH، عالمی ادارہ صحت (WHO) کے نمائندے، ڈی جی ہیلتھ اسلام آباد اور تمام صوبوں سے صحت کے اعلیٰ حکام و نمائندگان بھی اجلاس میں شریک تھے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ وزارت صحت اور اس کے ماتحت تمام ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ ہم سیلاب متاثرین کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیلابی صورتحال سے متعلق مؤثر رابطے کے لیے فوکل پرسنز کی نامزدگی مکمل ہو چکی ہے، جبکہ وزارت صحت این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل کوآرڈی نیشن میں کام کر رہی ہے۔
وزیر صحت نے اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وزارت صحت ضروری ادویات کا اسٹاک وافر مقدار میں تیار رکھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ضروری ادویات بھجوائی جا چکی ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی وزارت صحت صوبائی حکومتوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر سطح پر مانیٹرنگ اور فوری ردعمل کو یقینی بنا رہے ہیں۔