اسلام آباد: پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کرنے کی ہدایت دے دی۔
وزیراعظم نے پنجاب میں بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی اجلاس کی صدارت کی، جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے تفصیلی بریفنگ دی۔
این ڈی ایم اے کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بروقت پیشگی انتباہ نے جانی و مالی نقصان کو بڑی حد تک کم کیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال سے متعلق اطلاع رسانی کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے تاکہ مستقبل میں بھی بروقت اقدامات ممکن ہو سکیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے آگاہ کیا کہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک پانچ ہزار خیمے فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ دیگر امدادی سامان کی ترسیل بھی جاری ہے، متاثرین کے انخلاء کے لیے 2000 ٹرک فراہم کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریائے چناب کے ہیڈ مرالہ اور خانکی کے مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ برقرار ہے، اسی طرح دریائے راوی، ستلج اور چناب کے دیگر مقامات پر بھی پانی کے اخراج کا دباؤ موجود ہے۔
وزیراعظم نے گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت دی اور کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب میں بھی وفاقی حکومت بھرپور تعاون فراہم کرے گی، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ملکی سطح پر مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کیا جائے گا۔
دوران اجلاس وزیراعظم نے وزیر مواصلات، وزیر توانائی اور چیئرمین این ایچ اے کو فوری طور پر لاہور پہنچنے اور صورت حال کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت جاری کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں اور عوامی نمائندوں کو ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں میں بر وقت انخلاء، انسانی جان و مال، فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے فوری حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں اور ہر ضلع اور تحصیل کی سطح پر مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
اس کے علاوہ وزیراعظم کو فوج، رینجرز، ریسکیو 1122 اور پولیس کی جاری امدادی اور ریلیف سرگرمیوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
تاہم، اجلاس میں متعلقہ وفاقی وزراء اور اداروں کے نمائندے شریک تھے۔