سیلابی صورتحال پر وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس، تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک بھر میں سیلابی صورتحال اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں مختلف صوبوں میں جاری ریسکیو آپریشنز، متاثرین کی بحالی، خوراک، ادویات اور پناہ گاہوں کی فراہمی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ پنجاب کے اضلاع میں ریسکیو آپریشنز مزید تیز کرنے اور پھنسے ہوئے افراد کے فوری انخلاء کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خوراک، ادویات اور خیموں کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) سے مکمل رابطے میں رہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جا سکیں۔

اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق، دریائے ستلج میں سیلاب کی پیشگی اطلاع کے باعث نواحی علاقوں سے بروقت انخلاء ممکن بنایا گیا، اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ریسکیو آپریشنز کے تحت 1 لاکھ 74 ہزار 74 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ضلع نارووال کے سیلاب متاثرہ علاقوں سے بھی انخلاء جاری ہے، خیبر پختونخوا میں متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی پر کام جاری ہے۔

گلگت بلتستان میں 2 کلومیٹر قومی شاہراہ زیر آب ہے جس کی مرمت جاری ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی، دریائے راوی میں جسٹر اور دریائے چناب میں مرالہ کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ نالہ ڈیک میں بھی شدید سیلابی صورتحال پائی جاتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی ڈویژنز، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، عطاء اللہ تارڑ، سردار یوسف، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ متاثرہ علاقوں میں حکومتی مشینری کو ہر ممکن وسائل کے ساتھ متحرک رکھا جائے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Related posts

متحدہ عرب امارات کے صدر نے قطر کی خودمختاری – متحدہ عرب امارات کی حمایت کی توثیق کی

ایشیا کپ سے قبل قومی کھلاڑیوں کا منفرد ’بلائنڈ فولڈ چیلنج‘ وائرل

گلستان جوہر میں تین خواتین کا لرزہ خیز قتل، بچی سمیت تین افراد زخمی