کراچی کا سیوریج انفرا اسٹرکچر خطرے میں، بارشوں سے اہم لائن بیٹھ گئی

حالیہ شدید بارشوں کے باعث ضیاء الدین روڈ پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KW&SC) کی 66 انچ قطر کی مرکزی سیوریج لائن بیٹھ گئی، جس سے شہر کے کئی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام شدید متاثر ہو گیا۔

KW&SC کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی کی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

چیف انجینئر سیوریج آفتاب عالم چانڈیو کے مطابق یہ لائن زمین سے 20 فٹ نیچے بچھائی گئی تھی اور اس کو پہنچنے والا نقصان انتہائی پیچیدہ نوعیت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ حصے کو مکمل طور پر تبدیل کرنا ناگزیر ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بحالی کا عمل چار دن تک جاری رہ سکتا ہے، اس دوران اردو بازار، برنس روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، بولٹن مارکیٹ، سٹی کورٹ، سول اسپتال اور حقانی چوک سمیت قریبی علاقوں میں سیوریج نظام متاثر رہے گا۔

کارپوریشن نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ مرمتی مقام پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں اور مرمتی عمل کے دوران حکام سے تعاون کریں۔

KW&SC  نے یقین دہانی کروائی ہے کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے، تاکہ جلد از جلد نظامِ نکاسی آب بحال کر کے متاثرہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی کو بحال کیا جا سکے۔

Related posts

کراچی، کورنگی جانے والے راستوں پر شدید ٹریفک جام کا وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا

ایشیاکپ 2025؛ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بہترین کارکردگی کے لیے پرعزم

لندن میں چاہت فتح علی خان پر انڈوں سے حملہ، ویڈیو وائرل