محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر قائد میں 27 اگست سے متوقع بارشوں کا امکان ختم ہو گیا ہے۔ خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار نہ کرتے ہوئے کمزور پڑ گیا ہے، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں تیز بارشوں کا امکان اب باقی نہیں رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیسفک اوشن میں ویتنام اور لاوس کے قریب اس وقت ایک سمندری طوفان موجود ہے۔ جب بھی پیسفک اوشن میں موسمی سرگرمیاں بڑھتی ہیں، تو اس کا اثر خلیج بنگال پر بھی پڑتا ہے، جس سے وہاں کی سرگرمیاں محدود ہو جاتی ہیں۔
اس وقت خلیج بنگال سے نمی کا رخ پیسفک اوشن کی طرف ہے، یہی وجہ ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والا سسٹم شدت اختیار نہیں کر سکا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 اگست سے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کا جو سسٹم متوقع تھا، وہ اب اثرانداز ہونے کا کوئی امکان نہیں رکھتا۔ اگست کے اختتام تک صوبے میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
تاہم، کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں صبح اور شام کے اوقات میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، جبکہ موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔