پی آئی اے کے طیارے گراؤنڈ، لاہور تا پیرس فضائی آپریشن بند کرنے کا فیصلہ

 پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے لاہور سے پیرس کے لیے فضائی آپریشن محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس فیصلے کے تحت لاہور سے پیرس کی براہ راست پروازیں بند کر دی جائیں گی، جبکہ اسلام آباد سے پیرس کے لیے پروازیں جاری رہیں گی۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق، لاہور سے پیرس کی آخری پرواز 17 ستمبر 2025 کو روانہ کی جائے گی، جب کہ پیرس سے لاہور کی آخری واپسی کی پرواز 12 ستمبر کو شیڈول ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ بیڑے میں شامل بوئنگ 777 طیاروں کی دستیابی میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔

اس وقت پی آئی اے کے 12 بوئنگ 777 طیاروں میں سے 7 طیارے گراؤنڈ ہو چکے ہیں، جس سے بین الاقوامی روٹس پر آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے نے لاہور سے پیرس کے لیے فضائی آپریشن کا دوبارہ آغاز 18 جون 2025 کو کیا تھا، تاہم صرف تین ماہ بعد یہ روٹ ایک بار پھر معطل کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد سے پیرس کے لیے فلائٹ آپریشن بدستور فعال رہے گا اور مسافر اس روٹ سے سفر جاری رکھ سکیں گے۔

پی آئی اے حکام کے مطابق فضائی بیڑے کی بہتری اور طیاروں کی دستیابی کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد اس روٹ پر پروازوں کی بحالی پر غور کیا جا سکتا ہے۔

Related posts

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے

آئی ایم ایف کیساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ کیلئے شیڈول طے پا گیا

عراقی فضائیہ کے کمانڈر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے معترف