پنجاب حکومت نے لاہور میں ٹرام سروس کو ہر صورت میں چلانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے لیے ابتدائی طور پر پانچ الیکٹریک ٹرام سروس خریدی جائے گی۔
ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال سے قبل الیکٹرک ٹرام سروس لاہور میں شروع کرنا کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹرام بس سروس کا پی سی ون اگست میں ہی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ لاہور میں جدید ٹرام سروس شروع کرنے کے بعد ہی فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں چلانے پر غور ہوگا، پنجاب حکومت نے ٹرام بسیں خریدنے اور روٹ ڈیزائن پر ورکنگ تیز کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ٹرام سروس کب سے شروع ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئی
ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق پانچ ٹرام بسیں خریدنے کے لیے پنجاب حکومت کو منصوبے کے لیے 4 ارب 26 کروڑ ادائیگیاں کرنا پڑ سکتی ہیں، جدید الیکٹرک ٹرام سروس منصوبے کی لاگت بڑھ بھی سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرام سروس کے لیے بس ڈپو اور چارچنگ اسٹیشن تعمیر ہوں گے، جبکہ الیکٹرک ٹرام سروس کے لیے نیا عملہ بھی بھرتی کیا جائے گا۔
ذرائع پنجاب حکومت نے بتایا کہ ایک ٹرام 3 باکسز پر مشتمل ہوگی، جو مکملہ طور پر بجلی سے چلے گی، 20 منٹ چارج کے بعد ٹرام 25 سے 27 کلو میٹر چلے گی۔
ٹرام سروس میں 250 افراد کے سفر کرنے کی گنجائش موجود ہے، الیکٹرک ٹرام ٹھوکر کینال روڑ سے ہربنس پورہ تک چلائی جائے گی۔