میلسی اور بورے والا میں صفائی کے کاموں میں دبائو اور دھمکیوں کا سامناہے، فیصل صدیقی

ڈائیووگروپ کے سی ای او فیصل صدیقی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے منصوبے ستھرا پنجاب کے تحت میلسی اور بورے والا میں جاری صفائی کے کاموں میں بیوروکریسی کی جانب سے دباؤ اور دھمکیوں کا انکشاف کیا ہے۔

یہ بات  انہوں نے بول نیوز کے پروگرام ’’بول رپورٹس ود بتول راجپوت’‘ میں کہی۔

فیصل صدیقی نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے شفافیت سے بولی میں حصہ لیا اور 22 تحصیلوں میں صفائی کا ٹھیکہ حاصل کیا۔

ان کاکہناتھاکہ  اس منصوبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اورصرف 2 تحصیلوں کے لیے ڈھائی ہزار لوڈر رکشے خریدے گئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی کمپنی تمام معیارات، بشمول ہیومن ریسورس اور مشینری کی ضروریات کو پورا کر رہی ہے، اور تمام کی پرفارمنس انڈیکیٹرز (KPIs) پر عمل پیرا ہے۔

فیصل صدیقی کاکہناتھاکہ  بیوروکریسی کی جانب سے انہیں مسلسل دباؤ کا سامنا ہے، اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ ان کا ٹھیکہ ختم کر دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 31 جولائی 2025 کو انہیں ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے ایک تعریفی خط موصول ہوا تھا جس میں ان کے کام کی تعریف کرتے ہوئے منصوبے کا دائرہ کار بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا تاہم  اس کے چند ہی دن بعد انہیں ڈیفالٹ کا نوٹس بھیج دیا گیا۔

فیصل صدیقی نے مزیدکہا کہ وہ اس صورتحال کے بارے میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ وزیر کو کئی بار آگاہ کر چکے ہیں۔

انہوں نے پروگرام میں دعویٰ کیا کہ کمشنر ملتان انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے ہر فورم پر یہ درخواست کی کہ ان کی کمپنی پر دباؤ نہ ڈالا جائے۔

Related posts

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے

آئی ایم ایف کیساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ کیلئے شیڈول طے پا گیا

عراقی فضائیہ کے کمانڈر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے معترف