خیبرپختونخوا، پاک فوج کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی آپریشن جاری

خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے، جس میں آرمی انجینئر کور کی شانگلہ اور بونیر میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

اس وقت پاک فوج کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں مختلف متاثرہ علاقوں میں لاشوں کی تلاش اور رابطہ سڑکوں کی بحالی میں مصروف ہیں۔

بونیر کے علاقوں بشنوئی، بٹائی کلے، گوکند اور پیر بابا میں پاک فوج کی ٹیمیں خصوصی آلات کے ساتھ لاشوں کی تلاش کر رہی ہیں اور ساتھ ہی راستے کھولنے کا کام بھی جاری ہے۔

 شانگلہ کے الواچ اور چکیسر کو ملانے والی سڑک کی بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے تاکہ متاثرہ افراد تک فوری امداد پہنچائی جا سکے۔

پاک فوج کا کہنا ہے کہ ان امدادی کارروائیوں کا مقصد متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی تک مدد فراہم کرنا ہے، اور اس آپریشن کو ہر قیمت پر کامیاب بنایا جائے گا۔

دوسری جانب مانسہرہ کے علاقے ہلکوٹ نیل بن میں ہونے والے کلوڈ برسٹ کے نتیجے میں 20 افراد بہہ گئے تھے، جن میں سے 17 افراد کی لاشیں ریکور کر لی گئی ہیں۔

ریسکیو ٹیموں نے آج صبح دوبارہ آپریشن شروع کیا اور بٹگرام سے ایک اور لاش برآمد کی۔ اس کے بعد تک 17 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ 3 افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

حالیہ بارشوں اور کلاوڈ برسٹ کے باعث مانسہرہ میں مرنے والوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں ان افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، اور اس علاقے میں امدادی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔

پاک فوج کی امدادی کارروائیاں نہ صرف سڑکوں کی بحالی اور رابطہ قائم کرنے میں مدد فراہم کر رہی ہیں بلکہ متاثرہ افراد تک فوری طور پر ضروری سامان پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

Related posts

انڈونیشیا میں قیامت خیز سیلاب، 2 جزیرے صفحہ ہستی سے مٹنے لگے، 19 افراد ہلاک

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے

آئی ایم ایف کیساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ کیلئے شیڈول طے پا گیا