الاسکا میں ٹرمپ اور پیوٹن کی ملاقات، اسٹیلتھ بمبارز کی پرواز نے سب کی توجہ کھینچ لی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی اہم ملاقات امریکی ریاست الاسکا کے فوجی اڈے جوائنٹ بیس ایلمنڈورف رچرڈسن میں ہوئی جو تقریباً چار گھنٹے جاری رہی۔ اس ملاقات میں یوکرین جنگ پر تفصیلی گفتگو کی گئی تاہم کسی باضابطہ جنگ بندی کا اعلان سامنے نہیں آیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر صدر ٹرمپ نے خود پیوٹن کا استقبال کیا، انہیں اپنی گاڑی میں ساتھ لے کر کانفرنس ہال تک پہنچایا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ غیر معمولی انداز امریکی صدر کی جانب سے ملاقات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک نئے باب کی شروعات کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

مذاکرات میں پیوٹن نے یوکرین جنگ کو روس کے لیے ’’انتہائی تکلیف دہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوکرینی عوام روسیوں کے ’’بھائی‘‘ ہیں اور اس جنگ نے بہت دکھ اور نقصان پہنچایا ہے۔

پیوٹن کا کہنا تھا کہ یوکرین کی سیکیورٹی یقینی بنانا ضروری ہے لیکن پائیدار امن کے لیے جنگ کی بنیادی وجوہات کو حل کرنا ہوگا۔ اگر 2022 میں ٹرمپ صدر ہوتے تو شاید یہ جنگ شروع ہی نہ ہوتی۔

اس موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ پہلے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اور نیٹو رہنماؤں سے مشاورت کے بعد اگلا لائحہ عمل طے کریں گے۔

ان کے مطابق امن اسی وقت ممکن ہے جب ماسکو اور کیف دونوں یکساں دلچسپی کے ساتھ اس تنازعے کو ختم کرنے پر آمادہ ہوں۔

ملاقات کے دوران ایک غیر متوقع واقعہ بھی پیش آیا جب دونوں رہنما ریڈ کارپٹ پر چل رہے تھے تو جدید امریکی بی سیریز اسٹیلتھ بمبارز اچانک فضاؤں میں نمودار ہوگئے۔

یاد رہے کہ یہ جنگی طیارے ریڈار سے بچ نکلنے اور انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ طاقت کا واضح مظاہرہ تھا جسے بعض ماہرین نے ٹرمپ کی جانب سے پیوٹن کے لیے ایک علامتی پیغام قرار دیا۔

اگرچہ فوری طور پر جنگ بندی کا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا مگر الاسکا ملاقات کو ایک اہم سفارتی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا جس سے مستقبل میں امن کی امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔

Related posts

کراچی، کورنگی جانے والے راستوں پر شدید ٹریفک جام کا وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا

ایشیاکپ 2025؛ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بہترین کارکردگی کے لیے پرعزم

لندن میں چاہت فتح علی خان پر انڈوں سے حملہ، ویڈیو وائرل