شہباز شریف کی جاتی امراء میں نواز شریف سے ملاقات، سیلاب اور دہشت گردی کے خلاف آپریشن پر مشاورت

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف جاتی امراء پہنچے جہاں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق شریف برادران کے درمیان ملاقات میں خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلابی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم نے نواز شریف کو کے پی کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور ریسکیو آپریشن کے حوالے سے آگاہ کیا جب کہ دہشتگردی کے خلاف جاری اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوام کی ہر ممکن مدد یقینی بنانی چاہیے۔

ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم کو ہدایت کی کہ وہ خود بحالی کے آپریشن کی نگرانی کریں تاکہ متاثرین تک جلد از جلد ریلیف پہنچ سکے۔

ملاقات کے دوران نواز شریف نے امریکا کی جانب سے بی ایل اے اور مجید برگیڈ کو دہشتگرد قرار دینے کے اقدام کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے موقف کی جیت ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کی راہ میں اہم پیش رفت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قریب ہے اور اس مقصد کے لیے ریاستی ادارے پوری قوت کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے پاک فوج کو دہشتگردی کے خلاف جدوجہد اور سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

Related posts

منصور بن زید نے وزیر اعظم سینیگال – متحدہ عرب امارات سے ملاقات کی

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات