سویڈن کے وسطی شہر اوریبرو میں مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ جمعہ کی نماز کے بعد مسجد کی پارکنگ میں پیش آیا اور ابتدائی تحقیقات میں اسے گینگز تشدد سے جوڑا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شخص 25 سالہ نوجوان تھا جو نماز کے بعد مسجد سے باہر نکلتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بنا، جبکہ زخمی ہونے والا شخص بھی بیس کی دہائی میں ہے، زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں: سویڈن کے اسکول میں فائرنگ، 10 افراد ہلاک، 15 زخمی
واقعے کے فوراً بعد ایمرجنسی سروسز بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور پولیس نے شہریوں کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت دی۔ پولیس حکام کے مطابق کم از کم ایک حملہ آور کو موقع سے فرار ہوتے دیکھا گیا ہے۔
اوریبرو پولیس کے سربراہ روبرٹو ایڈ فاریسٹ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ واقعے کی تحقیقات قتل، اقدامِ قتل اور سنگین اسلحہ رکھنے کے مقدمات کے تحت کی جا رہی ہے۔
سویڈن گزشتہ کئی برسوں سے گینگز کے تشدد کا شکار ہے۔ جرائم پیشہ گروہ عموماً پسماندہ مہاجر بستیوں کے نوجوانوں کو بھرتی کرتے ہیں اور ٹارگٹ کلنگ جیسے واقعات میں استعمال کرتے ہیں۔
مقامی ٹی وی چینل ٹی وی 4 کے مطابق اوریبرو میں حالیہ دنوں میں دو حریف گینگز کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی، جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تحقیقات میں تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں۔