پی ڈی ایم اے پنجاب نے کے پی کے اور ملک کے بالائی علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے پیش نظر صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
موسم کی پیشگوئی کے مطابق، مون سون کا ساتواں اسپیل شدت اختیار کر چکا ہے، جس میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور 24 گھنٹوں تک دریا، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔
موسمی رپورٹس کے مطابق، آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے بالائی پنجاب کے اضلاع میں کلاؤڈ برسٹنگ اور طوفانی بارشوں کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ اس کے پیش نظر انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق، ریسکیو سول ڈیفنس، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہسپتالوں میں عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ضلی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں۔ علاوہ ازیں، شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات دی گئیں ہیں اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے آگاہی فراہم کی جائے گی۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے تمام اضلاع کو ہدایت کی ہے کہ وہ لائف بوٹس، لائف رنگز اور دیگر ریسکیو سامان اسٹینڈ بائی رکھیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔ مزید برآں، پٹرول اور ڈیزل کا اسٹاک وافر مقدار میں موجود رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ حساس مقامات بالخصوص ہسپتالوں کے اطراف کی نکاسی آب کو یقینی بنائیں تاکہ بارشوں کا کوئی نقصان نہ ہو۔ شہریوں کو پیشگی طور پر موسلادھار بارشوں سے آگاہ کرنے اور ایمرجنسی خدمات کو متحرک کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ “ہماری تمام تر کوششیں عوام کی حفاظت اور فوری امداد فراہم کرنے کے لیے ہیں، ہم شہریوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ پی ڈی ایم اے کی ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔”