وزیراعظم کی زیرصدارت سیلابی تباہی پر ہنگامی اجلاس، فوری امداد کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدر نے سیلاب کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں گی اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو خیبرپختونخواہ حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ امدادی سامان کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طور پر ٹرکوں کے ذریعے پہنچایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب میں پھنسے افراد اور سیاحوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومت سے امدادی سرگرمیوں کے لئے رابطے مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔

خیبرپختونخواہ حکومت کو خیمے، ادویات، اشیاء خورونوش اور دیگر امدادی سامان فوری طور پر پہنچایا جائے۔

وزیراعظم نے گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی ہر قسم کی مدد کرے گی اور اس مشکل گھڑی میں ہماری تمام ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے ادویات، خیمے اور اشیاء خورونوش کی فوری فراہمی کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ صوبے کی مدد کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

Related posts

انگلینڈ کے بین ڈکٹ کا آئی پی ایل سے دستبرداری کا اعلان

متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے بحرین میں مسلح افواج کے سویلین کنٹریکٹر کی شہادت پر سوگ کا اظہار کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے مشرقی دارفور میں ہسپتال کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔