شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے تباہی، 131 سے زائد ہلاکتیں، درجنوں لاپتا

شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث پاکستان کے مختلف حصوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

مجموعی طور پر مختلف حادثات میں 131 سے زائد افراد جاں بحق، سیکڑوں زخمی اور درجنوں لاپتا ہیں، جبکہ سینکڑوں مکانات، سڑکیں اور زرعی اراضیاں تباہ ہو چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: بابوسر ٹاپ پر کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی؛ 3 سیاح جاں بحق، درجنوں لاپتہ

باجوڑ

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں تحصیل سالارزئی کے گاؤں جبراڑئی میں بارشوں سے آنے والے سیلاب اور آسمانی بجلی گرنے سے تباہی مچ گئی۔ سیلابی ریلے سے متعدد مکانات تباہ ہو گئے، 9 افراد جاں بحق، 4 زخمی اور 17 لاپتا ہیں۔

آسمانی بجلی گرنے کے ایک الگ واقعے میں مزید 5 افراد جان سے گئے۔ کچھ مکانات مکمل طور پر ملبے تلے دب گئے جبکہ پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس سے ریسکیو کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: جہلم ویلی کے علاقے گوہر آباد میں کلاؤڈ برسٹ، 14 مکانات متاثر، سڑکیں تباہ

ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

لوئر دیر

ضلع لوئر دیر کے علاقے میدان میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی سمیت 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔

مزید پڑھیں: کلاؤڈ برسٹ کیا ہوتا ہے اور یہ کب ہوتا ہے؟ جانیئے مکمل تفصیلات

ضلع غذر میں سیلاب نے 8 جانیں لے لیں، ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر پگھلنے سے حسن آباد نالے کے اطراف کٹاؤ جاری ہے اور مکینوں کو گھروں سے منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شاہراہ بابوسر اور شاہراہِ ریشم پر ٹریفک معطل رہی، کئی پل اور سڑکیں بہہ گئیں۔

اسکردو میں موسلا دھار بارش سے سدپارہ ڈیم کا واٹر چینل تباہ اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، کھرمنگ اور گانچھے میں دریائے سندھ اور اس کے معاون دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ اور طغیانی سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ حکومت نے بارشوں کی شدت کے باعث تعلیمی ادارے دو روز کے لیے بند کر دیے۔

مزید پڑھیں: بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچادی

مقبوضہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث آنے والے اچانک سیلاب میں کم از کم 46 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد لاپتا ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 30 سے زیادہ ہندو یاتری شامل ہیں۔ حادثے کے وقت علاقے میں ایک ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔ تقریباً 100 زخمیوں میں سے 30 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو ٹیمیں دشوار گزار راستوں اور خراب موسم کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور اب تک 40 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

مجموعی صورتحال

سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بارشوں نے درجنوں مقامات پر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا ہے۔ مکانات، فصلیں، اسکول اور سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں۔ حکومتوں اور ریسکیو اداروں نے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے اور فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف سمیت مختلف ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں، تاہم خراب موسم اور بند راستے ریسکیو آپریشن میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

Related posts

انڈونیشیا میں قیامت خیز سیلاب، 2 جزیرے صفحہ ہستی سے مٹنے لگے، 19 افراد ہلاک

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے

آئی ایم ایف کیساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ کیلئے شیڈول طے پا گیا