یوم آزادی پر نائب وزیراعظم سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں کی مبارکباد

 یوم آزادی پر نائب وزیراعظم سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے دل کی گہراؤں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

 نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار

جب تک ہم “لا الہ الا اللہ، محمد رسول اللہﷺ” کے پرچم تلے متحد ہیں، کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا  کہ لازوال قربانیوں اور حق کی راہ میں ثابت قدمی سے پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔

اسحاق ڈارنے کہا کہ  جب تک ہم “لا الہ الا اللہ، محمد رسول اللہﷺ” کے پرچم تلے متحد ہیں، کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔

نائب وزیراعظم  نے کہا کہ مسلح افواج اور عوام کے عزم و حوصلے کو سراہتا ہوں جنہوں نے مل کر ہماری خودمختاری کا دفاع کیا، اجتماعی ثابت قدمی نہ صرف ہماری عسکری تیاری بلکہ اصولی اور مؤثر خارجہ پالیسی کی عکاسی بھی کرتی ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ قائداعظمؒ کے وژن کے مطابق، پاکستان باہمی احترام، علاقائی سکون اور امن پر مبنی سفارتکاری کے اپنے عزم پر قائم ہے، آج ہم یہ عہد دہراتے ہیں کہ پاکستان کے عالمی وقار کو مزید بلند کریں گے۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسٹریٹجک اور معاشی مفادات کو آگے بڑھائیں گے اور  پُرامن ہمسائیگی کو فروغ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 78 واں یوم آزادی اور جشن فتح معرکہ حق آج، زبردست جوش و خروش ، رنگ و نور اور قومی پرچموں کی بہار

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

پاکستان اللہ تعالٰی کی بہت بڑی نعمت ہے، جس کی قدر ہر پاکستانی پر فرض ہے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن قربانیوں، جدوجہد اور آزادی کے خوابوں کی تعبیر کا دن ہے، پاکستان اللہ تعالٰی کی بہت بڑی نعمت ہے، جس کی قدر ہر پاکستانی پر فرض ہے۔

محسن نقوی  نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے فرمایا: ’’پاکستان کا قیام مقدر تھا، یہ کسی کی بخشش نہیں بلکہ ہماری جدوجہد کا صلہ ہے۔‘‘

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خون ، آنسو اور شہادتیں وہ قیمت تھی جو آزادی کے لیے ادا کی گئی، آج کا پاکستان انہی قربانیوں کی بنیاد پر قائم ہے، آزادی کی شمع روشن کرنے کے لیے لاکھوں مسلمانوں کی بیش قیمت قربانیوں کو سلام۔

 محسن نقوی نے کہا کہوطن کے امن و دفاع کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی عظیم قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، شہدائے وطن کے خاندانوں کے عزم اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شہدائے وطن کے خاندان ہمارے اپنے خاندان ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا یہ بھی کہناتھا کہ معرکۂ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست دے کر پاکستان نے ثابت کیا کہ ’’ایمان، اتحاد، تنظیم‘‘ آج بھی ہماری طاقت، پہچان اور بقا کی سب سے بڑی ضمانت ہے، دشمن کو واضح اور بھرپور جواب دیا کہ   یہ 2025 کا پاکستان ہے جو  دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

 محسن نقوی نے کہا کہ معرکہ حق کی فتح کے بعد یوم آزادی کی خوشیوں کو چار چاند لگ گئے ہیں، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور کوئی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ایمان،اتحاد اور تنظیم جیسے سنہری اصول پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں اور انشاءاللہ  قوم ہر چیلنج سے سرخرو ہوکر نکلے گی، یوم آزادی پر پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے نئے عزم اور نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کے عزم کااعادہ کرتے ہیں۔

Related posts

برساتی پانی کھڑا ہونے سے مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام، شہریوں کو شدید مشکلات

لیاقت پور میں کشتی حادثہ، نو افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، چھ لاشیں برآمد

کے ایچ ڈی اے نے دبئی – متحدہ عرب امارات میں نجی تعلیم کے لئے نئی رہنما خطوط طے کیں