یوم آزادی اور جشن فتح معرکہ حق پر صدرمملکت اور وزیراعظم کی پوری قوم کومبارکباد۔دونوں نے اپنے پیغامات میں جشن فتح معرکہ حق کو تاریخی کارنامہ قراردیاہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ آج کے دن اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میں پاکستان کے 78 سال مکمل ہونے پر قوم کو تہہ دِل سے مبارک پیش کرتا ہوں۔
شہبازشریف نے کہاکہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ سمیت تحریک آزادی کے بلند ہمت، دُور اندیش قائدین اور کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
اس موقع پر صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہاکہ گزرے 78 سال آزمائش آمیز سفر، اللہ پر کامل یقین اور تابناک مستقبل کی امید کی کہانی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہر شعبے میں کامیابیوں اور کامرانیوں کے کئی سنگ میل عبور کئے ہیں۔
صدر مملکت نے کہاکہ بھارت کی مسلط کردہ جنگ، 6 سے 10 مئی 2025 کے دوران، معرکہ حق میں پاکستان کی عظیم فتح نے 78 ویں یوم آزادی کی اہمیت میں اضافہ کردیا ہے۔
انہوں نے ملکی سالمیت، دفاع اور تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کاکہناتھاکہ ہم خطے اور دنیا میں پرامن بقائے باہمی اور بات چیت کے سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔