یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان نے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اور تاریخی کامیابی حاصل کر لی ہے۔
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) کے ماہر انجینیئرز نے پاکستان کا پہلا مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کردہ ویلڈنگ روبوٹ “ڈیکسٹر 6 پرو” کامیابی سے متعارف کرا دیا۔
اس جدید روبوٹ کی تقریبِ رونمائی یو ای ٹی میں منعقد ہوئی، جس میں وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر معروف ماہر تعلیم اور چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر نے یو ای ٹی کی انجینئرنگ ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور اسے پاکستان کی خود انحصاری کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔
ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ ڈیکسٹر 6 پرو یو ای ٹی کے ماہر انجینیئرز کی محنت، حب الوطنی اور تکنیکی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف انجینیئرنگ کے شعبے میں ایک انقلاب ہے بلکہ یہ ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان تکنیکی خود کفالت کی راہ پر گامزن ہے۔
ڈیکسٹر 6 پرو ایک جدید اور انتہائی درستگی سے کام کرنے والا ویلڈنگ روبوٹ ہے، جو MIG ویلڈنگ کو عالمی معیار کے مطابق بے مثال رفتار، دقت اور اعتماد کے ساتھ انجام دیتا ہے۔
یہ روبوٹ چھوٹی ورکشاپس سے لے کر بڑی صنعتوں تک ہر سطح پر ویلڈنگ کے عمل کو تیز تر، محفوظ تر اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ اس روبوٹ کی تیاری کا بنیادی مقصد پاکستان کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں جدت، پیداواری صلاحیت اور خود انحصاری کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی اس سوچ کی نمائندگی کرتی ہے کہ اصل آزادی صرف جشن منانے کا نام نہیں بلکہ علم، مہارت اور جدت سے ملک کی تعمیر کا عزم ہے۔