سکھر میں "معرکۂ حق” اسکپچر وال کا افتتاح، پاک افواج کی شاندار فتوحات کو خراجِ تحسین

سکھر میں “معرکۂ حق” کی تاریخی کامیابی کے اعتراف میں ایک یادگار اسکپچر وال قائم کی گئی ہے، جس کا افتتاح جی او سی پنوعاقل چھاونی میجر جنرل شہریار قریشی نے کیا۔

اس موقع پر ترجمان حکومت سندھ اور میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اسکپچر وال کے پس منظر اور اہمیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

“معرکۂ حق” اسکپچر وال میں پاک افواج کی جرأت، قربانی اور دشمن کے خلاف کامیاب عسکری کارروائیوں کو بصری انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔

دیوار پر فیلڈ مارشلز، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور قیام پاکستان میں کلیدی کردار ادا کرنے والے تمام قومی ہیروز کی تصاویر اور علامتی مجسمے شامل کیے گئے ہیں۔

بریفنگ کے دوران بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ پوری قوم معرکۂ حق میں حاصل ہونے والی عظیم فتح کا جشن منا رہی ہے، اور یہ اسکپچر وال سکھر کے عوام کی جانب سے پاک افواج کے نام ایک خراج عقیدت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں فخر ہے اپنی بہادر افواج پر، جنہوں نے مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔

میئر سکھر نے کہا کہ یہ یادگار نہ صرف نئی نسل کو وطن کی محبت کا درس دے گی بلکہ یہ بھی یاد دلائے گی کہ ہماری افواج ہر محاذ پر ملک کے تحفظ کے لیے سینہ سپر رہتی ہیں۔

میجر جنرل شہریار قریشی نے اسکپچر وال میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اس یادگار اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی کاوشیں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور افواجِ پاکستان کے ساتھ عوام کی وابستگی کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

“معرکۂ حق” اسکپچر وال کو سکھر کے شہری حلقوں، طلباء اور قومی جذبہ رکھنے والے تمام افراد کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جو ایک زندہ قوم کی نشانی اور قومی فخر کی علامت بن چکی ہے۔

Related posts

اسرائیلی کو روکنے کےلئے تمام اقدامات بروئے کارلائیں گے ، سعودی ولی عہد

امریکا میں سیاسی کارکن اور مصنف چارلی کرک کو گولی ماردی گئی

قائد اعظم محمدعلی جناح کی برسی آج، پوری قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش