ایوانِ صدر اسلام آباد میں پنک ربن پاکستان کے سی ای او عمر آفتاب نے خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں ملک میں چھاتی کے سرطان کی روک تھام اور آگاہی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خاتونِ اوّل نے اس موقع پر خواتین کی صحت کو قومی ترجیح بنانے اور مرض کی بروقت تشخیص کے لیے مربوط قومی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
ایوانِ صدر میں پنک ربن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر آفتاب نے خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں چھاتی کے سرطان کی روک تھام، تشخیص اور علاج سے متعلقہ امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
خاتونِ اوّل نے کہا کہ پاکستان میں ہر نو میں سے ایک خاتون کو چھاتی کے سرطان کا خطرہ لاحق ہے، اور تاخیر سے تشخیص ہر سال ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر مرض کی بروقت تشخیص ہو جائے تو شفا یابی کی شرح 90 فیصد سے بھی زائد ہے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے زور دیا کہ ہر خاتون کو اسکریننگ، درست تشخیص اور معیاری علاج کی سہولت ملنی چاہیے، خاص طور پر دیہی علاقوں میں ان سہولیات میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ موبائل میموگرافی یونٹس، کمیونٹی آؤٹ ریچ پروگرامز، اور میڈیا، تعلیمی اداروں و مذہبی رہنماؤں کے اشتراک سے ملک گیر آگاہی مہم کو فروغ دینا چاہیے تاکہ خواتین کو مرض کی علامات، تشخیص اور علاج سے آگاہ کیا جا سکے۔
خاتونِ اوّل نے اس موقع پر حکومتی اداروں، طبی ماہرین، میڈیا اور معاشرتی طبقات پر زور دیا کہ وہ چھاتی کے سرطان کے خلاف مشترکہ جدوجہد کریں تاکہ خواتین کی زندگیاں محفوظ بنائی جا سکیں۔