ہالی ووڈ کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ انجلینا جولی نے اپنے تاریخی گھر کو فروخت کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے، یہ شاندار جائیداد ماضی میں ہالی ووڈ کے مشہور فلمساز سیسل بی ڈی مِل کی رہائش گاہ تھی، جنہوں نے یہاں تقریباً 40 برس گزارے۔
انجلینا جولی نے یہ محل نما گھر 2017 میں 24.5 ملین ڈالر (تقریباً 2 کروڑ 45 لاکھ ڈالر) میں خریدا تھا، یہ خوبصورت رہائش گاہ لاس فیلیز کے پوش علاقے میں واقع ہے اور دو ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔
1913 میں تعمیر کیے گئے اس شاہکار مکان میں 6 بیڈ رومز، 10 باتھ رومز، 4 فائر پلیسز، ایک وسیع و عریض وائن سیلر، چائے خانہ اور جھرنوں والا پول موجود ہے جبکہ یہاں سے گرِفتھ آبزرویٹری کے دلکش نظارے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ جائیداد میں رسمی باغات اور کلاسیکی فنِ تعمیر کی جھلک نمایاں ہے۔
کورونا وبا کے دوران انجلینا جولی نے اسی گھر میں اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور لاس اینجلس میں جنگلاتی آگ سے متاثر ہونے والے اپنے دوستوں کو بھی یہاں پناہ دی۔
یہ رہائش گاہ اصل طرزِ تعمیر کے مطابق بحال کی گئی ہے، جس میں نفیس مولڈنگ، کلاسیکی لکڑی کا کام، کشادہ ڈرائنگ رومز اور فرانسیسی دروازے شامل ہیں، جو اس مکان کو ایک تاریخی اور پُر وقار حیثیت دیتے ہیں۔