پی او اے کا ہنگامی اجلاس، نیشنل یوتھ اور نیشنل گیمز 2025 کی تیاریوں میں تیزی

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کی ہنگامی جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پہلی نیشنل یوتھ گیمز اور 35ویں نیشنل گیمز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نیشنل یوتھ گیمز کا مقصد گراس روٹ سطح پر اسپورٹس ٹیلنٹ کی تلاش اور فروغ ہے، جبکہ رانا مشہود احمد خان کو نیشنل یوتھ گیمز کونسل کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کونسل میں کارپوریٹ سیکٹر کی نمایاں شخصیات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے گیمز کی تیاریوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 اجلاس میں طے پایا کہ نیشنل گیمز 2025 کا انعقاد 6 سے 13 دسمبر تک کراچی میں ہوگا، جبکہ سندھ حکومت نے بہترین انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔

اس کے علاوہ ساؤتھ ایشین گیمز، بحرین ایشین یوتھ گیمز اور ریاض اسلامک گیمز کی تیاریوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

پی او اے نے اجلاس میں اولمپک چارٹر کے مطابق گورننس اور کھیلوں کے ڈھانچے میں خودمختاری کے اصول پر زور دیا، جبکہ پی ایس بی کے بعض اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے واضح کیا کہ اولمپک موومنٹ کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

فیصلہ کیا گیا کہ پی او اے کے صدر عارف سعید کو وزیراعظم سے ملاقات اور بین الاقوامی اسپورٹس معاملات پر بات چیت کا اختیار دیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) اور اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) کو موجودہ صورت حال سے آگاہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر کھلاڑیوں کے مفادات کے تحفظ اور پاکستان کی عالمی اسپورٹس ذمہ داریوں کی ادائیگی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Related posts

انڈونیشیا میں قیامت خیز سیلاب، 2 جزیرے صفحہ ہستی سے مٹنے لگے، 19 افراد ہلاک

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے

آئی ایم ایف کیساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ کیلئے شیڈول طے پا گیا