سندھ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب، احتجاج ختم کر دیا گیا

کمشنر ہاؤس کراچی میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ٹرانسپورٹرز کے وفد نے حاجی یوسف اور جام عالم کی قیادت میں شرکت کی۔

اجلاس میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

شرجیل انعام میمن نے حالیہ حادثے اور اس کے بعد پیش آنے والے پرتشدد واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع کو ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔

 انہوں نے کہا کہ تشدد اور توڑ پھوڑ مسائل کا حل نہیں، سندھ حکومت ٹرانسپورٹ سیکٹر کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

سینئر وزیر نے ہدایت دی کہ ڈمپر مالکان گاڑیوں میں کیمرے، ٹریکر، انشورنس اور ڈرائیورز کے لائسنس کی موجودگی یقینی بنائیں۔ واقعے میں نقصان کے تخمینے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جن افراد نے قانون ہاتھ میں لیا اور فسادات کو ہوا دی، ان کے خلاف انسدادِ دہشتگردی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

ساتھ ہی آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام فریقین کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

Related posts

امریکا ایران کشیدگی کے اثرات؛ پاکستان اسٹاک مارکیٹ دباؤ کا شکار

یومِ آزادی پر ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے نئے عزم کی ضرورت ہے، صمد عارض

پیٹرول و ڈیزل مزید مہنگا ہونے کا امکان، حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے دباؤ میں آگئی