فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس وقت امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے ٹامپا میں سینٹکام کمانڈر کی ریٹائرمنٹ تقریب میں شرکت کی اور جنرل مائیکل ای کرلا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دوطرفہ عسکری تعاون کے فروغ میں کردار کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے اس موقع پر ایڈمرل بریڈ کوپر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور پاک امریکہ عسکری تعاون کے تسلسل پر اعتماد کا اظہاربھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی افواہیں بے بنیاد ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
آرمی چیف نے دورے کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف نے جنرل ڈین کین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
دوسری جانب فیلڈ مارشل کی دوست ممالک کے عسکری سربراہان سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں روشن مستقبل پر اعتماد رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے بیرون ملک پاکستانیوں پر سرمایہ کاری کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
بعد ازاں پاکستانی کمیونٹی نے ملکی ترقی میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہاربھی کیا