صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 33 دہشت گردوں (خوارج) کو واصلِ جہنم کرنے پر پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع میں افواجِ پاکستان کی جرأت، مہارت اور بروقت کارروائی قابلِ فخر ہے۔
اپنے بیان میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
پاک سرزمین پر دراندازی کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اور پاکستان بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل قلع قمع کر کے دم لے گا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ بھرپور عزم و حوصلے کے ساتھ جاری رہے گی۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس عظیم کامیابی سے نہ صرف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حوصلہ ملا ہے بلکہ دشمن کو بھی واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر قیمت چکانے کو تیار ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج نے ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 33 خوارج کو ہلاک کر دیا تھا، جنہوں نے پاک افغان سرحد کے ذریعے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی تھی۔