بلاول بھٹو سے امریکی سینئر عہدیدار کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل میں جنوبی و وسطی ایشیا کے امور کے سینئر ڈائریکٹر رکی گل نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی سلامتی، سفارتی روابط اور تجارتی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں پاکستان کی خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کی سینیئر رہنما سینیٹر شیری رحمان بھی شریک تھیں، جبکہ امریکی سفارتخانے کی نمائندگی ناظم الامور نٹالی بیکر نے کی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کے دوران پاک بھارت جنگ بندی کے حوالے سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی امن کے لیے کی گئی کوششیں بین الاقوامی سطح پر تسلیم کی جانی چاہئیں اور وہ نوبیل امن انعام کے حقدار ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ تجارتی معاہدوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات خطے میں ترقی، استحکام اور خوشحالی کا نیا باب ثابت ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عالمی برادری، بالخصوص امریکا کے ساتھ، تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سینئر ڈائریکٹر رکی گل نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

 انہوں نے خطے میں پائیدار ترقی اور سیکیورٹی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

Related posts

ابوظہبی میں سر پر جڑواں بچوں کو الگ کرنے کے لیے خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی سرجری

90 مالیاتی ادارے 99% نجی شعبے کے کارکنوں کی تنخواہوں پر عملدرآمد کرتے ہیں، ماہانہ اجرت کی منتقلی 37 بلین درہم سے زیادہ ہے۔

1.2 ملین گاڑیاں روزانہ شارجہ-دبئی سڑکوں کا استعمال کرتی ہیں۔