خان پور کے نواحی علاقے فیروزہ بستی دشتیاں میں ایک افسوسناک واقعے نے انسانیت کو شرما دیا۔ بااثر افراد نے ایک بے زبان جانور پر ظلم کرتے ہوئے کلہاڑیوں کے وار سے بکری کی ٹانگ کاٹ دی۔
متاثرہ خاتون عائشہ بی بی نے میڈیا کو بتایا کہ عاطف، کاشف اور ان کے ساتھیوں نے کلہاڑی کے وار سے میری بکری کی ٹانگ کاٹ دی، یہ سب پرانی رنجش کی بنیاد پر کیا گیا، جبکہ ملزمان نے کارروائی کی صورت میں سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی ہیں۔
عائشہ بی بی نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے انصاف کے لیے تھانے سے رجوع کیا تو ملزمان نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔
عائشہ بی بی نے کہا کہ ملزمان دندناتے پھر رہے ہیں، ہمیں مسلسل ڈرا رہے ہیں، میں ڈی پی او رحیم یار خان عرفان سموں سے اپیل کرتی ہوں کہ فوری نوٹس لے کر ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔
تھانہ صدر پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی درخواست پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔