دنیا بھر میں پاکستانی قیدیوں کی تعداد کتنی؟ رپورٹ میں اہم انکشافات

وزارت اوورسیز پاکستانیز کے دستاویزات کے مطابق دنیا کے 61 ممالک میں 21,406 پاکستانی شہری قید ہیں۔

بول نیوز کو دستیاب دستاویزات سے معلوم ہوا کہ بیرونی ممالک میں 14 پاکستانی سفارتخانوں سے تاحال ریکارڈ حاصل نہیں ہوسکا۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ میں 65 پاکستانی قید ہیں، جن میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی بھی شامل ہیں جبکہ برطانیہ میں 23، آسٹریلیا 27، اسپین 42، افغانستان 85، سری لنکا 112، بنگلہ دیش: 1، نیپال 19، بلغاریہ 11، ڈنمارک 21 اور ساؤتھ افریقہ میں 75 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔

اس کے علاوہ بھارت میں 738، عمان 578، ملائیشیا 463، قطر 422، کویت 42، عراق 40 اور ایران میں 4 پاکستانی قیدی شامل ہیں۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سعودی عرب میں سب سے زیادہ پاکستانی شہری قید ہیں، جن کی تعداد 10,423 ہے جبکہ متحدہ عرب امارات میں 5,297 اور ترکی میں 1,437 پاکستانی قید ہیں۔

دستاویزات کے مطابق ارجنٹینا، برازیل، کیوبا، دارالسلام، گھانا، میکسیکو، مراکش، میانمار، نیوزی لینڈ، نگر، روانڈا، سینیگال اور سنگاپور میں اس وقت کوئی پاکستانی قید نہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فرانس نے لوکل پرائیویسی قوانین کے تحت تاحال قیدیوں کی فہرست پاکستانی حکام کے ساتھ شیئر نہیں کی جبکہ جاپان میں 16 پاکستانی قید ہیں، جن میں 6 کی معلومات پاکستانی سفارتخانے سے شیئر نہیں کی گئی۔

دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں پاکستانی شہری اس وقت جرمانہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔

Related posts

پاکستانی زائرین کے لیے عراقی حکام نے سخت شرائط عائد کر دیں

نماز بھی پڑھی ہے یا نہیں؟ رجب بٹ کی زنجیر زنی پر مبنی ویڈیو پر صارفین کی تنقید

افغانستان کی سرزمین سے نکلنے والے مشہور آخری امریکی فوجی نے اچانک استعفی دے دیا