امریکہ نے مخصوص سیاحوں کے لیے 15 ہزار ڈالر تک ویزا بانڈ کی شرط عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ بی ون (کاروباری) اور بی ٹو (سیاحتی) ویزوں پر آنے والے مخصوص ممالک کے شہریوں پر 15 ہزار ڈالر تک کے سیکیورٹی بانڈ کی شرط لاگو کرے گا۔ یہ نئی پالیسی 20 اگست 2025 سے نافذ العمل ہو گی۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ “پائلٹ پروگرام” ان ممالک کے شہریوں کے لیے ہو گا جہاں سے آنے والے افراد کی ویزے کی مدت سے زیادہ قیام (Overstay) کی شرح زیادہ ہے۔ بانڈ کی رقم ویزے کی مدت مکمل ہونے کے بعد ملک واپس جانے پر واپس کر دی جائے گی، بصورت دیگر ضبط کر لی جائے گی۔
مزید پڑھیں: امریکا کا دوہرامعیار،فلسطینی اتھارٹی اور پی ایل او پرپابندیاں عائدکردیں
محکمہ خارجہ کے مطابق اس پالیسی کا مقصد “اووراسٹے کرنے والوں کی حوصلہ شکنی” اور غیر ملکی حکومتوں کو بہتر جانچ اور شناختی عمل کا پابند بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پہلے سال میں اس پالیسی سے 20 ملین ڈالر (تقریباً دو کروڑ ڈالر) کی آمدنی متوقع ہے۔
یاد رہے کہ 2020 میں ٹرمپ انتظامیہ نے افریقی ممالک کے لیے ایسی ہی بانڈ پالیسی متعارف کرائی تھی، تاہم بعد ازاں اسے محدود کر دیا گیا تھا۔ 2023 میں امریکی اداروں نے 5 لاکھ سے زائد غیر ملکیوں پر ویزا اووراسٹے کا شبہ ظاہر کیا تھا۔