شوگر ملز مافیا کو نوازنے کا نیا فارمولا، بگاس کو مقامی کوئلے کے برابر حیثیت دینے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے شوگر ملز مافیا کو نوازنے کا ایک اور طریقہ نکال لیا ہے، جس کے تحت بگاس کی ویلیو بھی مقامی کوئلے کے برابر کر دی گئی ہے۔

حکومتی پالیسی کے تحت گزشتہ تین سالوں سے بگاس سے بجلی پیدا کرنے کی قیمت میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف شوگر ملز کو اربوں روپے کا فائدہ ہو رہا ہے بلکہ بجلی کے پیداواری اخراجات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: شوگر ملز مالکان اور حکومت نے چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو پر اتفاق کر لیا

تین سال قبل بگاس سے بجلی کی پیداواری لاگت 5 روپے 97 پیسے فی یونٹ تھی، یہ لاگت بتدریج بڑھ کر 11 روپے 77 پیسے فی یونٹ تک جا پہنچی۔جون 2025 میں لاگت کچھ کم کر کے 9 روپے 87 پیسے فی یونٹ کر دی گئی، مگر پھر بھی یہ روایتی ایندھن کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

سرکاری حکام کا مؤقف ہے کہ بگاس ویسٹ نہیں بلکہ فیول (ایندھن) ہے اور اس کی ہیٹنگ ویلیو (Heating Power) مقامی کوئلے کے برابر ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ “بگاس میں بھی اتنی ہی توانائی (Heat Content) موجود ہے جتنی کوئلے میں، اس لیے اسے کوئلے کے مساوی درجہ دینا درست ہے۔”

اس وقت مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت 11 روپے 45 پیسے فی یونٹ ہے، حکومت نے بگاس کی قیمت کو بھی اس حد تک لے جا کر شوگر ملز کو فائدہ پہنچانے کا نیا راستہ نکال لیا ہے۔

مزید پڑھیں: چینی کی برآمد سے ایک ارب ڈالر کما سکتے ہیں، چیئرمین شوگر ملز ایسوسی ایشن

توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بگاس دراصل گنے کا رس نکالنے کے بعد بچنے والا فضلہ ہے، جو شوگر ملز کی اپنی پیداواری لاگت میں آتا ہے۔ اس لیے اس کو کوئلے کے برابر لاگت پر خریدنا سراسر معاشی استحصال ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے تحت شوگر ملز مافیا کو اضافی سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ بجلی کے صارفین کو مہنگی بجلی بیچی جا رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بگاس کو مقامی کوئلے کے مساوی حیثیت دے کر شوگر ملز کو اربوں روپے کا فائدہ دیا جا رہا ہے جبکہ قومی خزانے اور بجلی کے صارفین پر اس کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ پاکستان میں بجلی کے نرخ پہلے ہی بلند ترین سطح پر ہیں اور اس پالیسی سے مزید بوجھ بڑھے گا۔

Related posts

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے

آئی ایم ایف کیساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ کیلئے شیڈول طے پا گیا

عراقی فضائیہ کے کمانڈر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے معترف