چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک قطر دوطرفہ اعلیٰ عسکری تعاون کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا کی قطری نائب وزیراعظم و وزیر دفاعی امور سے اہم ملاقات ہوئی جس میں دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عسکری قیادت نے خطے کی بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل جاسم محمد احمد المنال سے بھی ملاقات کی۔
ملاقاتوں میں پاکستان اور قطر کے تاریخی برادرانہ تعلقات اور دفاعی تعاون کے نئے پہلوؤں پر غور کیا گیا جبکہ خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
قطری قیادت نے پاکستان کے خطے میں ذمہ دارانہ کردار اور دہشت گردی کے خلاف پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا اور ان قربانیوں کا اعتراف کیا جو پاکستان نے امن کے لیے دی ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی قطر آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹرز آمد پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔