داغدار مگر قیمتی؛ مائیکل جیکسن کا پرانا موزہ ہزاروں ڈالرز میں نیلام

پاپ میوزک کے بادشاہ اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار مائیکل جیکسن کا ایک خاص موزہ حال ہی میں ایک نیلامی میں ہزاروں امریکی ڈالرز میں فروخت ہوا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس میں 30 جولائی 2025 کو منعقدہ نیلامی میں مائیکل جیکسن کا پہنا ہوا ایک سفید ایتھلیٹک موزہ تقریباً €7,688 (تقریباً 8,822 امریکی ڈالرز) میں نیلام ہوا، جو پاکستانی کرنسی میں لگ بھگ 2 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد بنتا ہے۔

خاص بات یہ ہے کہ یہ موزہ نگینوں سے مزین ہے اور استعمال کے باعث اس پر پیلاہٹ اور گلوکار کے پسینے کی وجہ سے داغ بھی لگ چکے ہیں، تاہم یہ موزہ مائیکل جیکسن نے 1997 میں فرانس کے شہر نیم میں اپنے مشہور کنسرٹ کے دوران پہنا تھا۔

نیلامی سے پہلے توقع کی جا رہی تھی کہ یہ موزہ تقریباً €3,000 سے €4,000 (3,400 سے 4,500 امریکی ڈالرز) کے درمیان فروخت ہوگا لیکن مداحوں اور نوادرات جمع کرنے والوں کی زبردست دلچسپی کی وجہ سے اس کی قیمت کافی بڑھ گئی۔

یہ تاریخی موزہ ایک اسٹیج ٹیکنیشن کے ہاتھ لگا، جس نے جیکسن کے ڈریسنگ روم میں یہ موزہ زمین پر پڑا دیکھا، یہ موزہ HIStory ورلڈ ٹور کے دوران دی گئی پرفارمنس کے بعد وہاں رہ گیا تھا، ٹیکنیشن، جو خود بھی مائیکل جیکسن کا پرانا مداح تھا، اس نے اس موزے کو اپنے بیک اسٹیج پاس کے ساتھ کئی دہائیوں تک محفوظ رکھا۔

نیلامی کے منتظمین نے اس موزے کو “غیر معمولی یادگار” اور مائیکل جیکسن کے مداحوں کے لیے ایک “ثقافتی علامت” قرار دیا، جو گلوکار کی مقبولیت اور ان کی یادگار اشیاء کی قدر کو ظاہر کرتی ہے۔

Related posts

عراقی فضائیہ کے کمانڈر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے معترف

جلال پور پیر والا چاروں طرف سے سیلابی پانی میں گھر گیا، انخلا جاری

دوحہ میں شہید ہونے والے کون تھے ؟ نماز جنازہ و تدفین، امیرقطر کی شرکت