روس میں زلزلے کے بعد سونامی کی لہریں ہوائی اور کیلیفورنیا سے ٹکرا گئیں، لاکھوں افراد کا انخلاء

روس کے مشرقی ساحل پر 8.8 شدت کے شدید زلزلے کے بعد سونامی کی تباہ کن لہریں امریکی ریاستوں ہوائی اور کیلیفورنیا کے ساحلوں سے ٹکرا گئیں۔

یہ زلزلہ بدھ کی صبح 11:25 بجے (مقامی وقت) روس کے کامچاتکا جزیرہ نما کے قریب آیا اور اسے جدید تاریخ کے طاقتور ترین زلزلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، جاپان، روس اور امریکہ کے مغربی ساحلی علاقوں میں لاکھوں افراد کو فوری انخلاء کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ جاپان میں 1.9 ملین سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا گیا، جہاں ایواتے پریفیکچر میں 4.3 فٹ (1.3 میٹر) بلند سونامی لہریں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

ہوائی کے بگ آئی لینڈ میں موجود ایک برطانوی سیاح نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ “جیسے ہی سائرن بجنا شروع ہوئے، ہر کوئی دوڑ کر جہاز کی طرف واپس جانے لگا۔” ہوائی میں پانچ فٹ تک اونچی لہریں دیکھی گئیں، جبکہ ساحلی علاقے خالی کرا لیے گئے ہیں۔

ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ مزید لہریں ٹکرانے کا امکان ہے، جبکہ امریکہ کے مغربی ساحل پر الرٹ جاری ہے۔ صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو ٹیمیں متحرک ہیں۔

Related posts

پاک بھارت میچز میں ڈرامائی موڑ، عوام کی دلچسپی ختم ہونے لگی

جلالپورپیروالا: پرائیویٹ کشتی الٹنے سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی

مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ