ایکواڈور میں منشیات فروش گروپوں کے درمیان شدید جھڑپیں، 14 افراد ہلاک

ایکواڈور کے ساحلی علاقے میں منشیات فروش گروپوں کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپوں میں کم از کم 14 شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ اتوار کے روز شروع ہونے والے فائرنگ کے تبادلے کا نتیجہ ہے جو اب تک جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایکواڈور کے جنوبی مغربی ساحلی علاقے ال امپالمے میں دو مختلف منشیات فروش گروپوں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق، ان جھڑپوں کے دوران 12 افراد ایک مقام پر ہلاک ہوئے جبکہ دوسرے مقام پر مزید 2 افراد نے اپنی جان گنوا دی۔

پولیس چیف میجر آسکر ویلنسیا نے اس صورتحال کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش گروپوں کے درمیان یہ فائرنگ کا تبادلہ مختلف مقامات پر جاری ہے اور اس دوران کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

حکام نے علاقے میں فوری طور پر سیکیورٹی اقدامات کو بڑھا دیا ہے، تاہم جھڑپوں کے شدت کو دیکھتے ہوئے علاقے میں امن و سکون کی بحالی میں وقت لگنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایکواڈور کو عالمی منشیات اسمگلنگ کے ایک اہم راستے کے طور پر جانا جاتا ہے، جہاں سے منشیات کو دوسرے ممالک میں اسمگل کیا جاتا ہے۔

پیرو اور کولمبیا جیسے دنیا کے سب سے بڑے منشیات تیار کرنے والے ممالک سے یہ منشیات ایکواڈور کے ذریعے دیگر ممالک تک پہنچائی جاتی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق، ان منشیات فروش گروپوں کے درمیان مسلسل کشیدگی اور جنگیں اس بات کا نتیجہ ہیں کہ ایکواڈور میں منشیات کے کاروبار کا حجم انتہائی بڑھ چکا ہے۔

ملک کی سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے یہ اسمگلنگ مختلف جرائم کی کارروائیوں کو جنم دے رہی ہے، جن میں اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔

Related posts

متحدہ عرب امارات کے صدر نے قطر کی خودمختاری – متحدہ عرب امارات کی حمایت کی توثیق کی

ایشیا کپ سے قبل قومی کھلاڑیوں کا منفرد ’بلائنڈ فولڈ چیلنج‘ وائرل

گلستان جوہر میں تین خواتین کا لرزہ خیز قتل، بچی سمیت تین افراد زخمی