اپنی چھت، اپنا گھر! بلاسود 15 لاکھ دے کر مریم نواز نے خوابوں کو بنایا حقیقت

لاہور: پنجاب حکومت کی “اپنی چھت، اپنا گھر” اسکیم کے تحت صوبے بھر میں کم آمدنی والے افراد کے لیے بلا سود قرضوں پر گھروں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اس فلاحی منصوبے نے ہزاروں خاندانوں کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے حال ہی میں لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ میں اسکیم کے تحت زیر تعمیر گھروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک معذور شہری کے نئے گھر میں آمد پر مبارکباد دی اور اُس کی بیٹی کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیر ہاؤسنگ نے بتایا کہ محنت کش، ریڑھی بان، دکاندار اور دیہاڑی دار افراد کو 15 لاکھ روپے تک کے بلا سود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنا ذاتی گھر تعمیر کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف لاہور ڈویژن میں اب تک 7,500 سے زائد خاندانوں کو بلا سود قرضے میرٹ کی بنیاد پر دیے جاچکے ہیں جبکہ شہر میں 6 ہزار سے زائد گھر زیر تعمیر ہیں۔

بلال یاسین نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر گھروں کی تعمیر کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے۔

انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز جلد ہی پنجاب کے عوام کے لیے مزید فلاحی اقدامات کا اعلان کریں گی۔

واضح رہے کہ بلال یاسین کے ہمراہ ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

Related posts

اسرائیلی کو روکنے کےلئے تمام اقدامات بروئے کارلائیں گے ، سعودی ولی عہد

امریکا میں سیاسی کارکن اور مصنف چارلی کرک کو گولی ماردی گئی

قائد اعظم محمدعلی جناح کی برسی آج، پوری قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش