ایم نائن موٹر وے پر نوری آباد کے قریب مسافر کوچ اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں 45 سالہ ٹرک ڈرائیور محمد رضوان اور 40 سالہ کوچ کلینر محمد ایوب شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں سعیدہ، فاطمہ، اویس، سلیم، عمران، عائشہ، عروج سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی: 5 ماہ میں ٹریفک حادثات میں 427 افراد جاں بحق، 5,503 زخمی
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے نوری آباد ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جبکہ چار شدید زخمیوں کو حالت نازک ہونے پر لیاقت میڈیکل یونیورسٹی (ایل ایم یو) اسپتال جامشورو منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جبکہ متاثرہ مسافر کوچ کراچی سے لاڑکانہ جارہی تھی۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔