شہر قائد میں رواں سال کے ابتدائی 6 ماہ اور 26 دنوں کے دوران ہیوی ٹریفک کی بے ہنگم دوڑ شہریوں کے لیے موت کا پیغام بن گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق مختلف ٹریفک حادثات میں اب تک 514 افراد جاں بحق اور 7 ہزار 700 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلیے آئی جی سندھ کی اہم بیٹھک
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ڈمپر کی زد میں آکر 31 افراد جان سے گئے، ٹرالر کی ٹکر سے 58 افراد لقمۂ اجل بنے، واٹر ٹینکرز نے 37 شہریوں کی جان لی، مزدا گاڑیوں نے 13 افراد کو کچلا، مسافر بسوں کی ٹکر سے 18 افراد جاں بحق ہوئے۔
اس طرح مجموعی طور پر ہیوی ٹریفک کی زد میں آ کر 157 افراد نے اپنی جان گنوائی۔
ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والوں میں سب سے زیادہ 400 مرد جاں بحق ہوئے، جبکہ بے ہنگم ٹریفک نے 48 خواتین اور 66 بچوں کی زندگیوں کے چراغ بھی گل کیے۔
مزید پڑھیں: کراچی، ٹریفک حادثات پر اعلیٰ سطحی اجلاس، ہیوی ٹریفک پر پابندی کا فیصلہ
ریسکیو ذرائع کے مطابق شہر میں مختلف نوعیت کے ٹریفک حادثات میں 7,700 سے زائد شہری زخمی ہوئے جن میں متعدد کی حالت نازک ہے، جبکہ کئی کو زندگی بھر کی معذوری کا سامنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کے بے قابو ہونے، قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے، اور شہریوں میں ٹریفک شعور کی کمی کے باعث ہر سال ہزاروں جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
متعلقہ اداروں سے مطالبہ ہے کہ ہیوی ٹریفک کے اوقات اور روٹس کا تعین کیا جائے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے اور شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہی دی جائے۔