پانی کی سطح بڑھنے پر راول ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ

راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اعلان کیا ہے کہ ڈیم کے اسپل ویز آج صبح 6 بجے کھولے جائیں گے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح 1750 فٹ تک پہنچ چکی ہے جو اس کی حدِ انتہا (Full Capacity) ہے، اس پیش رفت کے پیش نظر کورنگ نالہ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ ضلعی اور ریسکیو اداروں کو بروقت پیشگی اطلاع دے دی ہے تاکہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ عوامی تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں خاص طور پر کورنگ نالہ سے ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ممکنہ سیلابی ریلے یا پانی کے تیز بہاؤ کے پیش نظر محتاط رہیں اور کسی بھی غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں۔

عوام سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ نالے اور اس کے آس پاس موجود عارضی پل یا گزرگاہوں کو عبور نہ کریں۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق پانی کے بہاؤ میں اضافے کی صورت میں فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 یا متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

این ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ ادارہ تمام ممکنہ اقدامات پر عملدرآمد کر رہا ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔

Related posts

اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی امیدیں خاک میں مل گئیں، قطری وزیراعظم

متحدہ عرب امارات کے صدر نے قطر کی خودمختاری – متحدہ عرب امارات کی حمایت کی توثیق کی

ایشیا کپ سے قبل قومی کھلاڑیوں کا منفرد ’بلائنڈ فولڈ چیلنج‘ وائرل