پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے واشنگٹن میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات امریکی محکمہ خارجہ میں وفود کی سطح پر منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
امریکی محکمہ خارجہ آمد پر امریکی حکام نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی نائب وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
ملاقات میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ، انسداد دہشت گردی اور علاقائی و عالمی امن سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار واشنگٹن پہنچ گئے، امریکی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات متوقع
دونوں فریقین نے تجارت، توانائی، تعلیم، ٹیکنالوجی اور علاقائی استحکام جیسے اہم شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عالمی امن اور بین الاقوامی استحکام کے لیے امریکی قیادت بالخصوص صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور موجودہ امریکی حکومت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اور امریکہ مستقبل میں مزید قریبی اشتراکِ عمل کے ذریعے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔