اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عام صارفین اور کاروباری افراد کے لیے بینک اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو مزید آسان، محفوظ اور شفاف بنانے کے لیے ایک جامع فریم ورک متعارف کرا دیا ہے۔
نئے فریم ورک کے تحت بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نہ صرف اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو تیز تر بنائیں بلکہ تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ذرائع بھی فراہم کریں۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق نئے فریم ورک کا مقصد اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو صارف دوست بنانا، دستاویزی تقاضوں کو معقول بنانا اور مالی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔
فریم ورک کے تحت بینکوں کو پابند کیا گیا ہے کہ عام صارفین کے نئے بینک اکاؤنٹ کھولنے میں دو دن سے زیادہ کا وقت نہ لیا جائے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ صارفین کو اپنی درخواستوں کی پیش رفت معلوم کرنے کے لیے آن لائن ٹریکنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے، تاکہ یہ عمل شفاف اور قابل اعتماد بن سکے۔