بول نیوز کی خبر پر وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، عاشق سموں کے اہل خانہ کیلئے مالی امداد کا اعلان

سندھ کے معروف لوک فنکار عاشق سموں کے اہل خانہ کے کسمپرسی کے حالات پر بول نیوز کی نشر کردہ رپورٹ پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ ثقافت کو اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ عاشق سموں کے ورثا سے فوری رابطہ کریں اور ان کے مالی و سماجی مسائل کا جائزہ لے کر براہِ راست امداد فراہم کی جائے۔

مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ فنکار ہماری ثقافتی شناخت اور سماجی سرمایہ ہیں، ان کی فلاح و بہبود حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ثقافت کو فنکاروں کے لیے ایک جامع ویلفیئر پالیسی تیار کرنے کی بھی ہدایت دی، تاکہ مستقبل میں کسی فنکار یا ان کے خاندان کو کسمپرسی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مراد علی شاہ نے عاشق سموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عاشق سموں کی آواز سندھ کی ثقافت کا انمول اثاثہ ہے، ان کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

یاد رہے کہ بول نیوز نے گزشتہ روز ایک خصوصی رپورٹ میں عاشق سموں کے ورثا کے خراب معاشی حالات کو اجاگر کیا تھا، جس پر سوشل میڈیا پر عوامی ردعمل کے بعد حکومتِ سندھ متحرک ہوئی۔

Related posts

متحدہ عرب امارات کے صدر نے قطر کی خودمختاری – متحدہ عرب امارات کی حمایت کی توثیق کی

ایشیا کپ سے قبل قومی کھلاڑیوں کا منفرد ’بلائنڈ فولڈ چیلنج‘ وائرل

گلستان جوہر میں تین خواتین کا لرزہ خیز قتل، بچی سمیت تین افراد زخمی