عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں تین سال بعد بہتری کا اعلان کر دیا ہے۔
ایجنسی نے پاکستان کی ریٹنگ کو ‘پلس ٹرپل سی’ (CCC+) سے بڑھا کر ‘بی منفی’ (B-) کر دیا ہے، جبکہ معاشی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا ہے۔
ایس اینڈ پی کے مطابق پاکستان کے مالیاتی اور معاشی حالات میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جس کی بنیاد پر یہ اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ ریٹنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ بیرونی مالی دباؤ میں کمی اور اصلاحاتی اقدامات کے بعد پاکستان کی معاشی پالیسیوں میں استحکام آیا ہے۔
یہ بہتری جولائی 2022 کے بعد پہلی بار سامنے آئی ہے، جب پاکستان کی ریٹنگ میں تنزلی ہوئی تھی۔ اس سے قبل پاکستان کو فروری 2019 میں بھی ‘بی منفی’ ریٹنگ دی گئی تھی، اُس وقت بھی آؤٹ لک “مستحکم” تھا۔
ماہرین کے مطابق ایس اینڈ پی کی طرف سے ریٹنگ میں بہتری سے پاکستان کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھنے کا امکان ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے ریٹنگ میں بہتری کو حکومت کی مالی نظم و ضبط، اصلاحات اور آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کا نتیجہ قرار دیا ہے۔