سعودی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل عبدالرحمان الغریبی نیول ہیڈکوارٹر پہنچے جہاں پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ وائس ایڈمرل عبدالرحمان الغریبی کی سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف سے نیول ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیں: کوئی بھی ہمارے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی جرات نہیں کر سکتا، ڈی جی آئی ایس پی آر
دوسری جانب سربراہ سعودی بحریہ نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں اور پاکستان نیول اکیڈمی میں سعودی کیڈٹس کی معیاری تربیت کو سراہا۔
اس دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات کے دائرہ کار کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق سعودی بحریہ کے سربراہ کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک بالخصوص مسلح افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔