پاکستان میں عید الاضحیٰ کا دوسرا دن مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، یہ تہوار دراصل اللہ کی رضا کے لیے قربانی کا پیغام دیتا ہے، لیکن ہم میں سے بہت سے لوگ اسے صرف گوشت کھانے کا موقع سمجھتے ہیں، اور وہ بھی بہت زیادہ گوشت۔
اس سال، براہ کرم صبر سے کام لیں اور اپنی صحت کا خیال رکھیں، یہ یقین رکھیں کہ گوشت کہیں بھی غائب نہیں ہوگا۔
یہاں اس عید کے مزے مزے کے پکوان کے حوالے مشورے دیے جارہے ہیں جو کہ آپ کو عید قرباں پر نہ صرف گوشت سے لطف اندوز ہونے میں مدد دیں گے بلکہ ہاضمے اور صحت کے لیے بھی مفید ہیں۔
گوشت کی زیادتی سے پرہیز کریں
سرخ گوشت (گائے، بکرے، دنبے کا گوشت) اگرچہ لذیذ ہوتا ہے، لیکن صحت کے لیے نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے۔ عید کے دوران اس کا بہت زیادہ استعمال فوڈ پوائزننگ، دل کی بیماریوں اور فالج کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، سرخ گوشت میں کولیسٹرول کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، خاص طور پر چربی والے حصے سے بچنا ضروری ہے۔
سافٹ ڈرنکس اور گوشت، اجتناب کیجئے
کولڈ ڈرنکس کے نقصانات سے سب واقف ہیں، لیکن پھر بھی دنیا کی ایک بڑی آبادی ہر کھانے کے ساتھ انہیں پینا معمول بنا چکی ہے۔ یاد رکھیں، جب آپ بہت زیادہ گوشت کھاتے ہیں اور ساتھ کولڈ ڈرنک بھی لیتے ہیں تو اس کے منفی اثرات دُگنے ہو جاتے ہیں۔ اس عادت کو ترک کرنا ہی بہتر ہے۔
عید پر ورزش نہ بھولیں
عید کی چھٹیاں ورزش کو معطل کرنے کا جواز نہیں ہیں۔ ہلکی پھلکی چہل قدمی یا درمیانی درجے کی ورزش اور روزانہ 12 سے 15 گلاس پانی پینا آپ کے معدے کو بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد دے گا، اور کھانے کو جلد ہضم بھی کرے گا۔
باربی کیو کی بھرمار؟ کھانے کا وقت طے کریں
عید کے دوران بھی اپنی معمولات کی ترتیب برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ممکن ہے کہ آپ کو مختلف جگہوں سے باربی کیو کی دعوتیں مل رہی ہوں، اور وہ بھی عجیب اوقات میں، بہتر یہ ہے کہ منصوبہ بندی سے کام لیں اور دن بھر گوشت کھانے کے بعد تین دن مسلسل باربی کیو پر جانا نہ صرف غیر صحت مند بلکہ خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔
بسیار خوری سے بچیں، کھانے میں وقفہ رکھیں
بریانی، اسٹیک، اور فرائی گوشت کی خوشبو آپ کو بار بار کھانے پر مجبور کرے گی، لیکن یہ محض ایک فریب ہے۔ اگر آپ سب کچھ ایک ساتھ کھانے کی کوشش کریں گے تو معدہ خراب ہو سکتا ہے۔ کھانوں کے درمیان کم از کم 5 گھنٹے کا وقفہ رکھیں تاکہ خوراک ٹھیک سے ہضم ہو سکے۔
سبزیوں کو نہ بھولیں
یہ نہ سمجھیں کہ عید الاضحیٰ پر سبزیاں کھانا منع ہے۔ گوشت کے ساتھ مناسب مقدار میں سبزیاں اور پھل کھانے سے نہ صرف قبض سے بچا جا سکتا ہے بلکہ پیٹ میں گیس اور درد بھی نہیں ہوتا۔ گوشت کے ساتھ سلاد لازمی شامل کریں، خاص طور پر جب کھانا زیادہ مقدار میں ہو۔