پاکستان کے تیز رفتار فاسٹ بولر حارث رؤف نے ہیمسٹرنگ انجری سے مکمل صحت یاب ہونے کے بعد دوبارہ باقاعدہ بولنگ کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حارث رؤف اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کوچز اور فزیو اسٹاف کی زیر نگرانی اپنی فٹنس بحالی کے آخری مراحل مکمل کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ حارث رؤف نے دس دن کے آرام کے بعد دوبارہ رن اپ لے کر مکمل رفتار سے بولنگ شروع کر دی ہے، جو کہ ان کی فٹنس میں نمایاں بہتری کا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ حارث کو یہ انجری حالیہ امریکی میجر لیگ کرکٹ کے دوران پیش آئی تھی، جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز اور بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے تھے، ان کی عدم موجودگی میں قومی ٹیم کے بولنگ اٹیک کو واضح کمزوری کا سامنا رہا۔
حارث رؤف کی واپسی پاکستانی ٹیم کے لیے خوش آئند خبر ہے، خاص طور پر جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف مجوزہ سیریز کے تناظر میں۔
کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ان کی بحالی کا عمل اسی تسلسل سے جاری رہا تو وہ جلد مکمل طور پر فٹ ہو کر قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز اور طبی عملہ ان کی فٹنس پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ واپسی سے قبل کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے۔