آئی سی سی کا اہم فیصلہ، اولمپکس 2028 میں کوالیفائی کیلیے نیا طریقہ متعارف

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے کوالیفکیشن کے لیے ہائبرڈ ماڈل اپنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

سنگاپور میں جاری سالانہ اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلے کے تحت کچھ ٹیمیں براہِ راست آئی سی سی ٹی20 رینکنگ کی بنیاد پر اولمپکس میں جگہ بنائیں گی، جبکہ دیگر ٹیموں کو کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کے ذریعے حصہ لینے کا موقع دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم چونکہ فی الوقت عالمی ٹی20 رینکنگ میں سرفہرست ہے، اس لیے اسے ممکنہ طور پر بغیر کسی کوالیفائر کے اولمپکس میں شرکت کا پروانہ مل سکتا ہے، بشرطیکہ کٹ آف تاریخ تک اس کی پوزیشن برقرار رہے۔

اجلاس میں کرکٹ کے تینوں فارمیٹس ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 کے مستقبل کے تعین اور ڈھانچے پر غور کے لیے ایک خصوصی ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے، جو مختلف سفارشات مرتب کرے گا۔

ورکنگ گروپ کے ایجنڈے میں ٹیسٹ کرکٹ کو دو ڈویژنز میں تقسیم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، جس کا مقصد کھیل کو زیادہ مسابقتی بنانا اور کمزور ٹیموں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے دائرہ کار میں توسیع پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جس کے تحت آئندہ ایڈیشنز میں 32 ٹیموں کو شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

دوسری جانب ون ڈے ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں فی الحال کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے، اور 2027 کے ایڈیشن میں بھی ٹیموں کی موجودہ تعداد یعنی 12 برقرار رکھے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Related posts

انڈونیشیا میں قیامت خیز سیلاب، 2 جزیرے صفحہ ہستی سے مٹنے لگے، 19 افراد ہلاک

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے

آئی ایم ایف کیساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ کیلئے شیڈول طے پا گیا