شہر قائد میں موسم سہانا ہوگیا، شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور معتدل بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صدر، شاہراہِ فیصل، گلستانِ جوہر، ملیر، گلشنِ اقبال اور ایم اے جناح روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جبکہ بارش کے ساتھ ہی شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
لیاقت آباد، ناظم آباد، رضویہ اور پی آئی بی کالونی میں بارش کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش کا امکان ہے جبکہ سمندری ہوائیں کم رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے موسم قدرے مرطوب ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ جولائی کے اختتام پر ایک اور مون سون سسٹم سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے، جس سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔