برطانوی اوپن میں پاکستان رائفل ٹیم کی شاندار کارکردگی، 13 میڈلز جیت لیے
پاکستانی ٹیم نے دنیا کے 24 ممالک سے شریک تقریباً 185 بہترین نشانہ بازوں کا مقابلہ کیا
بسلی برطانیہ میں منعقدہ بین الاقوامی شوٹنگ ٹورنامنٹ میں 12رکنی پاکستانی ٹیم نے 7 گولڈ، 2 سلور اور 4 کانسی کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 13 میڈلز اپنے نام کرلیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز کی زیرقیادت پاکستانی ٹیم نے دنیا کے 24 ممالک سے شریک تقریباً 185 بہترین نشانہ بازوں کا مقابلہ کیا۔
پاکستانی نشانہ بازوں نے انفرادی اورمجموعی مقابلوں میں اپنی صلاحیت، تسلسل اورمسابقتی برتری کا شاندار مظاہرہ کیا۔
حذیفہ گل نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف مقابلوں میں 4 طلائی، 2 چاندی اور 1 کانسی کا تمغے جیتے۔
ایف کلاس برٹش اوپن 2026 میں احسن گل نے 1000 یارڈزمقابلوں میں 2 طلائی تمغے حاصل کیے جبکہ محمد ولید نے 1000 یارڈز کےمقابلے میں طلائی اور ایف ٹی آر مجموعی مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا۔
عبید ابراہیم اور جنید علی نے بھی 800 یارڈزکے مقابلوں میں کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
برٹش اوپن میں شاندار کامیابی کے بعد پاکستان کی قومی شوٹنگ ٹیم نے بین الاقوامی چیمپئن شپ کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا
پاکستان لانگ رینج رائفل ایسوسی ایشن کے مطابق یہ کامیابی لانگ رینج رائفل شوٹنگ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مہارت اورعالمی سطح پر بہترین مقابلے کی اہلیت کا ثبوت ہے۔
ایسوسی ایشن نے بتایا کہ پاکستانی شوٹرزنے دنیا کے صف اول کے تجربہ کاررائفل شوٹرزکے خلاف اپنی مہارت اورمسابقتی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ایف کلاس شوٹنگ مقابلے میں پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں ہر کھیل کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے۔