جاپان کے لیجنڈ فٹ بالر نے عمر کو شکست دے کر فٹ بال میں نئی تاریخ رقم کر دی
کازو میورا نے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز 1986 میں برازیل کے مشہور کلب سینٹوس سے کیا تھا
فٹبال کی دنیا میں ایک بار پھر عمر کو شکست دینے والی شاندار مثال سامنے آگئی جہاں جاپان کے لیجنڈ فٹبالر کازویوشی میورا جنہیں پیار سے “کنگ کازو” کہا جاتا ہے، نے 59 سال کی عمر میں گول کرکے تاریخ رقم کردی۔
دنیا کے معمر ترین فعال پروفیشنل فٹبالر میورا نے چار سال بعد کسی مسابقتی میچ میں گول اسکور کیا جس کے بعد ان کا نام ایک بار پھر عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
کازو میورا نے جاپان کے تھرڈ ٹئیر کلب فوکو شیما یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے ایمپرر کپ کے میچ میں 52ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچایا۔ ان کے گول کی بدولت ٹیم نے ایواکی فروکاوا کو 7-0 سے شکست دی۔
گول کے بعد میدان میں موجود ساتھی کھلاڑیوں اور بینچ پر بیٹھے افراد نے کازو میورا کو بھرپور انداز میں سراہا تاہم صرف تین منٹ بعد انہیں میدان سے واپس بلا لیا گیا۔
یہ میورا کا نومبر 2022 کے بعد پہلا مسابقتی گول تھا، جب انہوں نے جاپان فٹبال لیگ میں سوزوکا پوائنٹ گیٹرز (موجودہ ایٹلیٹیکو سوزوکا) کے لیے گول کیا تھا۔
کازو میورا نے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز 1986 میں برازیل کے مشہور کلب سینٹوس سے کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے جاپانی فٹبال سمیت کئی ممالک میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
فٹبال کے اس عمر رسیدہ مگر پرجوش کھلاڑی نے اب اپنے کیریئر کے 42 ویں پروفیشنل سیزن کی تیاری شروع کر دی ہے۔ فوکو شیما یونائیٹڈ کے ساتھ ان کا معاہدہ جون 2027 تک بڑھا دیا گیا ہے۔
میورا نے ماضی میں کہا تھا کہ وہ فٹبال کو 60 سال کی عمر تک خیرباد نہیں کہیں گے اور ان کی مسلسل کھیلنے کی صلاحیت دنیا بھر کے کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزائی بن چکی ہے۔
کنگ کازو کا پیغام واضح ہے: فٹبال کے میدان میں جذبہ زندہ ہو تو عمر کبھی رکاوٹ نہیں بنتی۔